پی ایس او ، ٹوٹل کے پمپس اور نجی کمپنیز کےآپریٹیڈ پیٹرول پمپس بھی آج کھلے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر ہڑتال کے بینرز نصب کر دئیے ہیں ، لاہور کے ڈیلرز نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ آج سے پیٹرول پمپس بند رکھیں گے ، لاہور شہر میں تقریباً 400کے لگ بھگ پیٹرول پمپس بند رہیں گے، پیٹرولیم ڈیلرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ہڑتال جاری رہے گی ۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور پیٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعۃ المبارک 5 جولائی صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال علامتی بھی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:موٹرسائیکل خریدنے والوں کیلئے بڑی آفر متعارف
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور چیئرمین اوگرا مسرور خان سے ملاقات کی لیکن ملاقات بے نتیجہ رہی۔ عبدالسمیع خان نے کہا کہ وہ دوہرا ٹیکس قبول نہیں کریں گے اور پٹرول پمپس بند کرکے احتجاج کریں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو پیٹرول سے بھر لیں۔ انہوں نے ڈیلرز کو 4 جولائی تک پیٹرول ذخیرہ کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

