وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مصروف ترین کاروباری مرکز کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایٹ مرکز کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مسلح افراد نے پانچ منٹ تک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں بیٹھا شخص ہلاک ہوگیا۔
مقتول فائرنگ سے زخمی ہو کر زیر تعمیر عمارت میں پناہ لینے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن ملزمان نے عمارت میں گھس کر مقتول پر فائرنگ جاری رکھی اور پھر بآسانی فرار ہو گئے۔ ملزمان ڈبل کیبن کار میں سوار تھے۔ عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ مقتول نے جان بچانے کی کوشش کے دوران اپنی گاڑی کو درخت سے ٹکرا دیا تھا۔
یہ واقعہ تھانہ آئی نائن کی حدود میں پیش آیا۔ ابتدائی طور پر متعلقہ تھانہ واقعہ سے لاعلم تھا، لیکن اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوع پر روانہ ہوگئی۔ مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول کی شناخت قمر راجہ کے نام سے ہوئی ہے اور ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ قتل دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ مقتول قمر راجہ کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے تھا۔
پولیس کے مطابق ویگو گاڑی میں فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کردی ہے اور مقتول کے ورثاء سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ سینئر پولیس آفیسر نے یقین دلایا کہ ملزمان کسی صورت بچ نہیں پائیں گے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مقتول قمر راجہ کی کار میں اس کا ساتھی فرار ہونے کی وجہ سے بچ گیا۔

