پاکستان میں سونے کی قیمتیں دھڑام سے گر گئیں، فی تولہ بڑی کمی نے مارکیٹ ہلا دی

پاکستان میں سونے کی قیمتیں دھڑام سے گر گئیں، فی تولہ بڑی کمی نے مارکیٹ ہلا دی

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں ایک ہی دن بعد ایک بار پھر بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد مقامی صرافہ بازار میں خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ دوبارہ گولڈ مارکیٹ کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر دیکھنے میں آئے ہیں۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے ہو گئی۔

اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت 3 ہزار 687 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے تک آ گئی جس سے گزشتہ چند روز کے دوران قیمتوں میں آنے والے اضافے کا بڑا حصہ واپس ختم ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، بجلی بل جمع کرانے کا نیا طریقہ متعارف

سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 174 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 223 روپے کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 43 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 50 ڈالر تک آ گئی جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مقامی مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے آئندہ شرح سود کے فیصلے سے قبل سرمایہ کار محتاط حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں جبکہ ڈالر کی مضبوطی اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آج رات پاکستان میں پیٹرول کتنا سستا ہو سکتا ہے؟ بڑی خبر آ گئی

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں غیر معمولی اضافہ نہ ہوا تو پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے، تاہم آئندہ دنوں میں عالمی معاشی اور جغرافیائی سیاسی صورتحال قیمتوں کی سمت کا تعین کرے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles