مشرق وسطیٰ کے بحران کی وجہ سے بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلسل کمی کے بعد اب پیٹرول کی قیمت میں 5.50 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل میں 13 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت تقریباً 76 ڈالر سے بڑھ کر 79 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 80.5 ڈالر سے بڑھ کر 87.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ موجودہ ریٹیل قیمتیں 248 روپے فی لیٹر سے زائد ہیں، جو متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر براہ راست اثر ڈالیں گی۔
یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے ، پیٹرول 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 247 روپے 3 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 40 پیسے کی کمی سے 249.69 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 246.29روپے فی لیٹر کا ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا ۔ جس کے بعد نئی قیمتیں 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک لاگو رہیں گی ۔