پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہمیں اڈیالہ جیل سے اچھی خبریں نہیں آرہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پارٹی کےلیے عمران خان کی صحت بہت اہم ہے، ہمیں جیل کے اندر سے اچھی خبریں نہیں مل رہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ سنگجانی کا جلسہ مؤخر کروانےکیلئے صبح سویرے جیل کھلوائی جاتی ہےاور دو ہفتے گزر گئےہیں بانی پی ٹی آئی سے وکلاء اور فیملی ممبر ان تک کو ملنے نہیں دیا گیا۔
رہنماپی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور ڈاکٹرز اگر کہہ دیں کہ وہ ٹھیک ہیں تو معاملہ ختم ہو جائیگا ۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا بانی پی ٹی آئی سے ڈاکٹرز کی ملاقات کیوں نہیں کروائی جاسکتی؟۔
پارٹی میں اختلافات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ سب خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں ، ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ، احتجاج کے ذریعے ہم اپنا پوائنٹ رجسٹرڈ کروانا چاہتے ہیں، ہم نے اپنے پنجاب کے احتجاج کے بعد اسلام آباد جانا تھا۔
وقاص اکرم کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئینی ترمیم سے متعلق جن سے رابطہ ہے، ان کی رائے کا احترام ہے، جن سے ہمارا رابطہ ہے، ان سے مسلم لیگ ن ،پاکستان پیپلز پارٹی والے بھی مل رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کی بانی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی درخواست وزارتِ داخلہ کو موصول
ان کا مزید کہنا تھا کہ( ن) لیگ اور پیپلز پارٹی تک ہمارا مؤقف پہنچنا چاہیے تاکہ معاملہ ختم ہو، بانی پی ٹی آئی کے دور میں بلاول بھٹو سندھ سے ریلی لے کر نکلے تھے۔

