بچوں کے استحصال کے خاتمے کیلئے عالمی سٹیک ہولڈرز کو متحد ہونا ہوگا: سارہ احمد

بچوں کے استحصال کے خاتمے کیلئے عالمی سٹیک ہولڈرز کو متحد ہونا ہوگا: سارہ احمد

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن اور رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد کا کہنا ہے  کہ پاکستان اور دنیا بھر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بچوں کے استحصال کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

کولمبیا میں بچوں کے استحصال کے خاتمے کے لیے پہلی عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سارہ احمد نے کہا کہ اس کا مقصد دنیا بھر میں بچوں کے تحفظ کے مسائل کو حل کرنا ہے۔

کولمبیا کی حکومت نے سویڈش حکومت، یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں بچوں کے استحصال کے خلاف عالمی سطح پر مربوط اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیاگیا ۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کے موقف پر روشنی ڈالی  اور بچوں کے تحفظ میں ملک کی ترقی اور مستقبل کے اہداف کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کم عمری کی شادی، جسمانی سزا اور استحصال جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے مربوط کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے عالمی اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ دنیا بھر کے  کمزور بچوں کے تحفظ کے لئے مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی اور بچوں کے استحصال کے خاتمے پر ہونیوالے عالمی مکالمے میں شریک ہونا میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔

یہ ضروری ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر کے تمام اسٹیک ہولڈرز بچوں کے استحصال کے خاتمے کے لئے تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں :کینیڈا نے ایک ویزے پر ملٹی پل انٹری کے قوانین میں تبدیلی کردی

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے اس ہائی پروفائل تقریب کا افتتاح کیا جس میں 143 ممالک کے وزراء نے شرکت کی۔ شرکاء نے چائلڈ پروٹیکشن قوانین کے نفاذ، بچوں کے تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے اور عالمی سطح پر بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے جیسے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرپرسن سارہ  احمد نے زیادتی کا شکار بچوں کی روک تھام اور ردعمل کے اقدامات میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے فعال کردار پر روشنی ڈالی، گزشتہ ایک سال کے دوران، بیورو نے استحصال کا سامنا کرنے والے تقریبا 10ہزار  بچوں کو بچایا ہے ۔

انہوں نے کانفرنس میں پاکستان کی شرکت میں مدد پر یونیسیف کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سارہ احمد  نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور استحصال کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم بچوں کا استحصال ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔

اپنے مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ “میرا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ محفوظ، بااختیار اور آزاد زندگی گزارے، بچوں کے تحفظ کے قوانین کو نافذ کرنا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔

editor

Related Articles