پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے نظام کے خلاف پیٹرول پمپ مالکان نے حکومت کو 15 دن کی مہلت دیتے ہوئے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کی صورت میں ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ملک خدا بخش نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے ہر 30 روز بعد کیا جائے، جبکہ ڈیلرز کے منافع کا مارجن کم از کم 8 فیصد مقرر کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ڈیلرز کا سرمایہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور ایسی صورتحال میں ان کے لیے پیٹرول کی خریداری کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ ہے، جس سے عوام کو ایندھن کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ پیٹرول کی عدم دستیابی سے عوام میں بے چینی پیدا ہونے کے ساتھ امن و امان کی صورتحال بھی متاثر ہوسکتی ہے، جبکہ پیٹرول پمپس پر توڑ پھوڑ کے واقعات کا خدشہ بھی موجود ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے بھی روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کو ڈیلرز کے لیے مالی مشکلات کا سبب قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیلرز ایک قیمت پر پیٹرولیم مصنوعات کا اسٹاک خریدتے ہیں، لیکن قیمتوں میں کمی کی صورت میں انہیں مہنگے داموں خریدا گیا اسٹاک کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس سے براہ راست مالی نقصان ہوتا ہے۔
نعمان علی بٹ کے مطابق قیمتوں میں روزانہ ردوبدل سے پیٹرول پمپ مالکان کے لیے خریداری، سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبہ بندی بھی مشکل ہوگئی ہے، جبکہ صارفین کے ساتھ قیمتوں کے حوالے سے الجھنیں بھی پیدا ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان کی بڑی تعداد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد پر مشتمل ہے، جو عوام کو ضروری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی مہیا کرتے ہیں۔ موجودہ صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں متعدد پیٹرول پمپس بند ہونے اور ملازمین کے روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وائس چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا طریقہ کار بحال کیا جائے تاکہ قیمتوں میں استحکام اور کاروباری منصوبہ بندی میں آسانی پیدا ہوسکے۔
نعمان علی بٹ نے وزیراعظم اور متعلقہ حکام سے مسائل کے فوری حل کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں ارکان کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔