سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مزید 2 نئی رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (REIT) اسکیمیں رجسٹرڈ کر لی ہیں، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ رئیٹ اسکیموں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 31 ہوگئی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئی رجسٹرڈ اسکیموں میں اے ٹی ایم ٹی ڈیول سیریز ون اور امپیریم ٹاور شامل ہیں۔ اے ٹی ایم ٹی ڈیول سیریز ون اسلام آباد میں پراپرٹی ڈیولپمنٹ اور کرایے سے حاصل ہونے والی آمدنی پر مبنی سرمایہ کاری کرے گی، جبکہ امپیریم ٹاور اسکیم لاہور کی کمرشل رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
کمیشن کے مطابق پاکستان میں اس وقت 43 لائسنس یافتہ رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ مینجمنٹ کمپنیاں کام کر رہی ہیں، جبکہ رجسٹرڈ رئیٹ اسکیموں میں سے 7 پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ اور 21 شریعہ کمپلائنٹ ہیں۔
ایس ای سی پی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 30 ستمبر 2026 تک پاکستان کے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ سیکٹر کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 275 ارب 85 کروڑ روپے تک پہنچ چکی تھی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ اسکیمیں سرمایہ کاروں کو منظم انداز میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی کے لیے شفافیت، بہتر گورننس اور سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔