موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک دھند کی شدت کے باعث بند کر دیا گیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ یہ اقدام عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
ترجمان نے روڈ یوزرز کو دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ شہری دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کے لیے بہترین اوقات ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ ڈرائیور حضرات کو آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس استعمال کریں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا جائے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور زیادہ احتیاط سے سفر کریں۔ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔