پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات کے سلسلے میں تیسری بیٹھک کے لیے آمادگی ظاہر کر دی۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران تمام مطالبات پر مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور اجلاس بلانے کے لیے گرین سگنل دے دیا گیا۔ تحریک انصاف، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں اپنے تحریری مطالبات پیش کرے گی۔
دوسری طرف اسپیکر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے مشاورت کے بعد جلد اجلاس بلایا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی۔ علی امین گنڈا پور نے کانفرنس روم میں عمران خان سے ڈیڑھ گھنٹے کی ون آن ون ملاقات کی جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان کو ایڈمن بلاک میں روکا گیا۔
بعد ازاں عمران خان نے کمیٹی کے باقی ارکان سے بھی ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد علی امین گنڈا پور فوری طور پر روانہ ہو گئے جبکہ دیگر ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سات رکنی کمیٹی کے دو ارکان، سلمان اکرم راجہ اور حامد خان اڈیالہ نہ پہنچ سکے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ عمران خان کے ساتھ تفصیلی مگر کنٹرولڈ ماحول میں بات چیت ہوئی۔ انہوں نے مذاکرات کے لیے کچھ گائیڈ لائنز دیں اور تجویز دی کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز پر مشتمل غیر جانبدار کمیشن بنایا جائے۔