ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (TEVTA) اور بینک آف خیبر (BoK) نے صوبائی حکومت کے احساس ہنر پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں ہنر مند نوجوانوں کو بلاسود کاروباری قرضے فراہم کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے تکنیکی تعلیم، طفیل انجم نے اس پروگرام کو نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے میں مدد کرکے انہیں بااختیار بنانے کا ایک اہم اقدام قرار دیا۔
نوجوانوں کے لیئے قرض کی فراہمی سے متعلق یہ پراجیکٹ بینک آف خیبرکے ذریعے لاگو کیا جائے گا،اور اس کے لئے تین ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ مالی سال 2024-25 کے لیے 200 ملین مختص کیے گئے ہیں۔ اس سکیم کے تحت تقریباً 35,000 ہنر مند افراد کو کاروباری قرضے ملیں گے۔ اہل درخواست دہندگان پانچ لاکھ روپے تک بلاسود قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام 18 سے 40 سال کی عمر کے ہنر مند خیبر پختونخواہ کے رہائشیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جن کے پاس ہنر کا سرٹیفکیٹ یا ڈپلومہ ہے۔
سیکرٹری صنعت عامر آفاق سمیت سینئر حکام، BoK اور TEVTA کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور دیگر معززین نے دستخطی تقریب میں شرکت کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے یہ پروگرام شروع کیا ہے، جو نوجوانوں کی صنعت کاری اور اقتصادی ترقی کی حمایت میں ایک اہم قدم ہے۔