ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

محکمہ زلزلہ پیما کے مطابق جمعرات کو ڈیڑھ بجے دن اسلام آباد کے گردونواح اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ اس کا مرکز پاکستان اور افغانستان کے درمیان کوہ ہندوکش تھا اور اس کی گہرائی 198کلومیٹر زیر زمین تھی۔

محکمہ زلزلہ پیما کے مطابق جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں اسلام آباد اور اس کے گردو نواح کے علاقے، خیبر پختونخوا میں پشاور اور اس کے گرد و نواح کے علاوہ مینگورہ، سوات، چترال، ایبٹ آباد، شانگلہ، مردان، ہنگو، صوابی، بٹگرام اور دیگر علاقوں میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، لوگ خوف سے گھروں سے باہر نکل آئے۔

Related Articles