پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں آج بھی ہیٹ ویو اور گرمی کی شدید لہر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں آج بھی گرمی اپنا زور دکھائے گی جہاں بہاولپور ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہوسکتی ہے۔ آج سے27 مئی تک پنجاب اور سندھ میں گرمی کی لہر کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور دن کے اوقات میں شدید گرمی کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اپریل کے اختتام تک درجہ حرارت 45 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں تقریباً 40 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم ہیں۔
ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی علی کاٹھیا نے سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔