پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی صدر اور سابق وزیر نواب زادہ محسن علی خان نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما نواب زادہ محسن علی خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔جہاں انہوں نے اپنے بیٹے شہریار اور قریبی ساتھیوں سمیت پ (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے نوابزادہ محسن علی خان کی (ن) لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ خیبر پختونخوا میں پارٹی کے منشور کو فروغ دینے اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے میں متحرک کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں امن و ترقی کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ خیبرپختونخوا کی ایک اور اہم سیاسی شخصیت نے اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے۔
اس سے قبل 9 جولائی کو عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔اس ملاقات میں مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بھی شریک تھے۔