اسلام آباد کے شہریوں کو جلد ہی مختلف مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں 30 مقامات پر یہ سروس دستیاب ہوگی۔
یہ سہولت میٹرو اور فیڈر بس اسٹیشنز، عوامی پارکس اور دیگر اہم عوامی مقامات پر فراہم کی جائے گی، اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے ساتھ تعاون کرے گی۔
اس سسٹم کے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی این ٹی سی کے سپرد کی جائے گی،چیئرمین سی ڈی اے نے فری وائی فائی کے لیے مارکیٹنگ ماڈل تیار کرنے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ اس منصوبے سے حاصل ہونے والی آمدنی سسٹم کی مرمت اور اپ گریڈیشن پر خرچ کی جائے گی۔