سیکیورٹی فورسز نے 7 سے 9 اگست کے دوران بلوچستان کے علاقے سمبازا میں ایک بڑی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کی بڑی تشکیل کو نشانہ بنایا۔ یہ دہشت گرد بارڈر کراس کرنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں فورسز نے مؤثر کارروائی کے بعد جہنم واصل کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جن میں زیادہ تر افغان شہری تھے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بارڈر پر مارے جانے والے دہشت گردوں کی زیادہ تر لاشیں افغانستان کی طرف گری تھیں۔
اطلاعات کے مطابق ان دہشت گردوں کی لاشیں مارے جانے کے پندرہ دن بعد بھی افغانستان سے اٹھانے کوئی نہیں آیا، اور یہ لاشیں افغانستان کی جانب گلتی سڑتی رہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ 25 اگست کو بارڈر پر افغان حکام کے ساتھ جرگے کے بعد یہ لاشیں گدھوں پر لاد کر لے جائی گئیں۔ اس دوران یہ لاشیں دھوپ میں کھلے پڑے رہنے کے باعث گل سڑ گئیں اور گوشت خور جانوروں کی خوراک بنتی رہیں۔