وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج رات راوی میں شاہدرہ کے علاقے میں خطرہ موجود ہے۔
کمشنرز سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ ریلیف کیمپس کا ماحول بہتر بنایا جائے اور ہر جگہ ادویات کا مناسب ذخیرہ موجود ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے گھروں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا ریکارڈ جمع کیا جائے اور جو پل متاثر ہوئے ہیں انہیں پانی اترتے ہی بحال کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جہاں اب بھی خطرہ موجود ہے وہاں بڑی تعداد میں لائف جیکٹس رکھی جائیں اور عوام کو سیلاب زدہ علاقوں میں جانے سے روکا جائے۔