پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی۔
حکومتِ پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ اکتوبر کی تنخواہیں اور پنشن معمول کی تاریخ سے قبل جاری کی جائیں گی تاکہ سرکاری ملازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
پنجاب فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اکتوبر 2025 کی تنخواہیں اور پنشن 31 اکتوبر بروز جمعہ کو ادا کی جائیں گی۔
عام طور پر تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی ہر ماہ کے ابتدائی ایام میں کی جاتی ہے، تاہم نومبر کے آغاز میں ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیلات ہونے کے باعث حکومت نے یہ اہم قدم اٹھایا ہے تاکہ تعطیلات سے قبل ادائیگیاں ممکن بنائی جا سکیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ سیکشن آفیسر (ایف آر) محمد یونس کے دستخط سے جاری کیا گیا۔
اس مراسلے میں اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اور تمام ضلعی اکاؤنٹس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 اکتوبر تک تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ادائیگیاں مکمل کریں۔
مزید برآں، فنانس ڈیپارٹمنٹ نے یہ سرکلر تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ماتحت محکموں کے سربراہان کو بھی ارسال کر دیا ہے تاکہ فیصلے پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ اس فیصلے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ آفس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سرکاری ملازمین اور پنشنرز نے خوش آئند قرار دیا ہے اور اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ تعطیلات سے قبل تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی سے مالی دباؤ میں کمی آئے گی اور گھریلو اخراجات بہتر طور پر پورے کیے جا سکیں گے اور وہ اس فیصلے پر خوش نظر آتے ہیں۔