بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ شہریوں کے لئے اہم ہدایات جاری

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ شہریوں کے لئے اہم ہدایات جاری

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے رجسٹرڈ شہریوں کے لیے ایک اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے تمام ایس ایم ایس اور فون کالز سے ہوشیار رہیں جن میں رقم موصول ہونے یا کسی مخصوص نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا جاتا ہے۔

بی آئی ایس پی نے واضح کیا ہے کہ اس نوعیت کے پیغامات یا کالز مکمل طور پر دھوکہ دہی پر مبنی ہوتی ہیں اور شہری کسی بھی صورت اپنی ذاتی معلومات شیئر نہ کریں۔

بی آئی ایس پی کے مطابق پروگرام کی جانب سے تمام سرکاری پیغامات صرف اور صرف 8171 کے نمبر سے بھیجے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی نمبر سے موصول ہونے والا پیغام یا کال جعلی تصور کی جائے۔ ادارے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایسے پیغامات کا جواب نہ دیں اور فوری طور پر انہیں رپورٹ کریں۔

اسی دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے رقم کی ادائیگی کا ایک نیا اور شفاف نظام “سوشل پروٹیکشن والٹس” بھی متعارف کرا دیا ہے۔ اس نظام کا مقصد ادائیگیوں کو زیادہ شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ سوشل پروٹیکشن والٹس کے تحت رجسٹرڈ خواتین کو مفت موبائل سم (SIM) کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ خواتین اپنے اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی BISP دفتر یا مقررہ کیمپ میں بائیومیٹرک تصدیق کے بعد یہ مفت سم حاصل کر سکتی ہیں، جس کے ذریعے ان کا والٹ فعال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سفارتی محاذپر بھارت کو ایک اورجھٹکاایران نے بھارتی شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری بند کردی

انہوں نے واضح کیا کہ سم کی فراہمی مکمل طور پر مفت ہے، اس کے عوض کسی سے کوئی رقم نہ لی جائے گی اور نہ ہی خواتین کسی غیر متعلقہ فرد یا ادارے کو رقم دیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں تمام ادائیگیاں اسی سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے منتقل کی جائیں گی جبکہ ادائیگیوں سے متعلق پیغامات بھی اسی سم پر بھیجے جائیں گے۔

بی آئی ایس پی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں، جعلی کالز اور پیغامات سے خود کو محفوظ رکھیں اور صرف سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔

Related Articles