’بانی پی ٹی آئی نے کبھی سیاست کی ہی نہیں، ان کو اقتدار دینا عوام کی بدقسمتی تھی، رانا ثنا اللہ

’بانی پی ٹی آئی نے کبھی سیاست کی ہی نہیں، ان کو اقتدار دینا عوام کی بدقسمتی تھی، رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کبھی حقیقی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ انتشار اور عدم استحکام کو ہوا دی۔ بانی پی ٹی آئی کا سیاسی رویہ ہمیشہ عدم برداشت پر مبنی رہا، وہ کہتے تھے کہ ’کسی سے بات نہیں کروں گا، کسی کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا‘۔

رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کا ایک میز پر بیٹھ کر مسائل حل کرنا ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخابات میں اُن کے حلقے سمیت کہیں سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، رانا ثنا اللہ پر 50 ہزار روپے جرمانہ

ان کے مطابق ’پولنگ 6 سے 7 گھنٹے سے جاری ہے، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ فیصل آباد سمیت کسی جگہ بدامنی یا دھاندلی کی اطلاع نہیں، اگر کوئی کہے کہ جعلی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں تو اس کا کوئی ثبوت نہیں۔‘

عوام مسائل کے حل کے لیے ووٹ دے رہے ہیں

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عوام انتشار اور الزام تراشی کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور تعمیر و ترقی کی طرف لوٹنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں بھارت کے ساتھ جاری سفارتی تنازعے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وہ کامیابی حاصل کی جس پر ’پورا عالم اسلام جھوم اٹھا‘ اور دنیا نے پہلی بار پاکستان کے مؤقف کی جیت کو تسلیم کیا۔

’پاکستان کی عالمی سطح پرعزت بحال ہوئی‘

مشیر سیاسی امور نے کہا کہ پاکستان کی ساکھ پہلے خراب کی گئی، مگر موجودہ حکومت کے اقدامات نے ملک کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر بنائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1999 اور 2018 میں سیاسی سازشیں ہوئیں جن کا نقصان ملک نے بھگتا، ’اب ایسا نہیں ہونا چاہیے‘۔

’بانی پی ٹی آئی ملک کی بدقسمتی تھے‘

رانا ثنا اللہ نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا طرز عمل کبھی سیاسی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ملک کی بدقسمتی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو لایا گیا۔ شہباز شریف نے کئی بار کہا کہ آئیں میثاقِ جمہوریت پر بات کرتے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی سنجیدہ سیاست نہیں کی۔‘

مزید پڑھیں:معاشی استحکام جلد ممکن، پاک سعودی دفاعی معاہدہ ’مسلم اُمہ کے اتحاد و وقار‘ کی ضمانت ثابت ہوگا، رانا ثنا اللہ

70 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع ہونے والے ہیں

رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی دور واپس آ رہا ہے اور اسی ماہ 70 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اب نفرت، انتشار اور افراتفری نہیں چاہتے بلکہ ترقی اور استحکام کو ووٹ دیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد جاری رکھیں گے اور قیادت کے بیانیے کو مضبوط کریں گے۔

Related Articles