سولر صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

سولر صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

وفاقی حکومت نے سولر توانائی استعمال کرنے والے صارفین پر عائد 16 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو عارضی طور پر مؤخر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سولر صارفین کی جانب سے دائر کردہ نظرِ ثانی درخواست منظور ہوئی۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے سولر جی ایس ٹی سے متعلق اپیل قبول کرتے ہوئے معاملہ دوبارہ سماعت کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کو بھیج دیا ہے۔ صدر نے ہدایت کی کہ اس کیس کی نئے سرے سے جامع اور مفصل جانچ کی جائے تاکہ تمام پہلوؤں پر غور کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے وفاقی ٹیکس محتسب کے ابتدائی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، جس کے بعد سولر سسٹم سے بجلی پیدا کرنے والے صارفین پر جی ایس ٹی نافذ کیا گیا۔ ٹیکس کے اطلاق کے بعد صارفین کو بھاری ادائیگیوں کا سامنا کرنا پڑا، جس پر عوام اور سولر صارفین کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

فروری 2025 میں وفاقی ٹیکس محتسب نے ٹیکس وصولی کا حکم دیا تھا، تاہم رواں ماہ دائر کی گئی نظرثانی درخواست پر صدر مملکت نے جی ایس ٹی کے نفاذ کو مؤخر کرتے ہوئے اس معاملے کی ازسرِنو سماعت کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سستی الیکٹرک گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کےلئے خوشخبری

صدر مملکت کی ہدایت کے مطابق اب وفاقی ٹیکس محتسب سولر توانائی صارفین پر لگائے جانے والے جی ایس ٹی کے کیس کا تفصیلی جائزہ لے گا، جس میں تمام قانونی اور مالی پہلوؤں کا بغور مطالعہ کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے سولر صارفین کو عارضی ریلیف ملے گا اور وہ ٹیکس کی بھاری ادائیگی سے بچ سکیں گے۔

توقع ہے کہ ازسرِنو سماعت کے بعد سولر جی ایس ٹی کے نفاذ یا اس میں ممکنہ کمی کے حوالے سے حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا، جو ملک میں صاف توانائی کے فروغ اور صارفین کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔

Related Articles