چین نے وینزویلا کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی معاملات میں یکطرفہ دباؤ اور غنڈہ گردی کی مخالفت کرتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے گزشتہ روز وینزویلا کے ہم منصب ایوان گل سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وینزویلا کی حمایت کا کھل کر اعلان کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ چین بین الاقوامی معاملات میں کسی بھی یک طرفہ دباؤ اور غنڈہ گردی کا مخالف ہے اور وینزویلا سمیت تمام ممالک کی خودمختاری اور اس کے تحفظ کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ چین اور وینزویلا اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور باہمی اعتماد و تعاون دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی ایک دیرینہ روایت ہے۔
اپنی گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ کا نام لیے بغیر وانگ یی نے واضح کیا کہ چین وینزویلا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وینزویلا کو بیرونی دباؤ اور پابندیوں کا سامنا ہے۔
مزید پڑھین: امریکی تیل غیر قانونی طور پر لینے پر وینزویلا کی ناکہ بندی کی: ڈونلڈ ٹرمپ

