آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے عوام سے نفرت اور انتہاپسندی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا وعدہ کیا ہے۔
کینبرا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیر اعظم نے کہا کہ ’آسٹریلوی عوام صدمے اور غصے میں ہیں، اور وہ خود بھی غصے میں ہیں ، یہ واضح ہے کہ اس برائی کے خلاف مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‘
آسٹریلوی وزیر اعظم نے کہا کہ انتہا پسندی اور نفرت پھیلانے والوں کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نفرت اور تقسیم پھیلانے والوں کے ویزے منسوخ یا مسترد کرنے کے لیے وزیرِ داخلہ کے اختیارات میں اضافہ کرے گی۔
یاد رہے کہ اتوار کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر یہودیوں کے ایک تہوار کی تقریب پر دو مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے، پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سڈنی حملے میں ملوث بھارتی شہری ساجد اکرم اور اس کے بیٹے کا پاسپورٹ منظر عام پر آیا تھا۔
بھارتی نژاد دہشت گرد ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانہ نے 24 فروری 2022 کو 10سال کے لیے جاری کیا تھا۔
بھارتی سفارتخانہ کو پہلے دن سے حملہ آور کی بھارتی شہریت کا علم تھا لیکن بھارتی حکام نے جان بوجھ کر حقیقت چھپا کر اپنے میڈیا کو پاکستان پر الزام تراشی کے لیے وقت دیا۔