لیجنڈری آل راؤنڈر وسیم اکرم نے معافی مانگ لی

لیجنڈری آل راؤنڈر وسیم اکرم نے معافی مانگ لی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راؤنڈر وسیم اکرم کو سال نو کے موقع پر پاکستانی عوام کو دیے گئے اپنے بیان پر شدید تنقید کے بعد بالآخر معذرت کرنا پڑ گئی۔ سوشل میڈیا پر بیان وائرل ہونے کے بعد وسیم اکرم پر پاکستانیوں کو ’ڈنگر‘ کہنے کا الزام لگا اور مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے پاکستانیوں کو غیر ضروری اور حد سے زیادہ کھانے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین نے اس بیان کو توہین آمیز قرار دیا اور سابق کپتان کو آڑے ہاتھوں لیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیز سیریز: مچل اسٹارک کا وسیم اکرم سے متعلق حیران کن بیان!

شدید عوامی تنقید کے بعد وسیم اکرم کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے اپنے الفاظ پر وضاحت پیش کی اور ان افراد سے معذرت کی جنہیں ان کا بیان برا لگا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ’اگر میرے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں‘۔

تاہم وضاحتی بیان میں وسیم اکرم نے یہ شکوہ بھی کیا کہ لوگ بات کا اصل مقصد سمجھنے کے بجائے صرف الفاظ کو پکڑ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری باتوں میں خامیاں نکالی جاتی ہیں لیکن جو اصل پیغام ہوتا ہے، اس پر توجہ نہیں دی جاتی‘۔

سابق کپتان نے اپنے بیان کا ایک اور رخ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی توہین نہیں بلکہ صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ’سچی بات اکثر کڑوی لگتی ہے‘ اور اسی تناظر میں انہوں نے عوام کو بہتر طرزِ زندگی اپنانے کا مشورہ دیا تھا۔

وسیم اکرم نے ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا کہ وہ اپنے موقف پر کسی حد تک قائم ہیں اور ان کا مقصد پاکستانیوں کو بے حساب اور بے وجہ کھانے کے نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے آخر میں دعا دیتے ہوئے کہا کہ ’اللہ ہم سب کو ہدایت دے‘۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں کیوں کوئی دلچسپی نہیں ؟ وسیم اکرم کی وضاحت سامنے آ گئی

واضح رہے کہ وسیم اکرم ماضی میں بھی صحت مند طرزِ زندگی، ورزش اور متوازن خوراک کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کرتے رہے ہیں، تاہم اس بار ان کے الفاظ نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر تاحال ردِعمل جاری ہے۔

Related Articles