’کیڈٹ کالج جعفرآباد میں یومِ والدین کی شاندار تقریب‘، کیڈٹس کی شاندار پریڈ

’کیڈٹ کالج جعفرآباد میں یومِ والدین کی شاندار تقریب‘، کیڈٹس کی شاندار پریڈ

کیڈٹ کالج جعفرآباد میں یومِ والدین کی ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں والدین، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر نصیر آباد، مقامی عمائدین کے علاوہ سول و ملٹری افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران کیڈٹس نے اعلیٰ نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور تربیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار پریڈ پیش کی، جبکہ مختلف عملی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کا عملی اظہار کیا۔ والدین اور دیگر معزز شرکا نے کیڈٹس کی عمدہ کارکردگی، خود اعتمادی اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو بے حد سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نیول اکیڈمی میں شارٹ سروس کمیشن کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، ملکی اور غیرملکی کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا

آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیڈٹ کالج جعفرآباد کے تعلیمی اور تربیتی معیار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج جعفرآباد اور اس جیسے دیگر ادارے نوجوان نسل کو نظم و ضبط، اعلیٰ کردار، قیادت کی صلاحیتوں اور حب الوطنی کے جذبے سے آراستہ کر رہے ہیں، جو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

تقریب کے دوران کیڈٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک کیڈٹ نے کہا کہ ’مجھے فخر ہے کہ میں کیڈٹ کالج جعفرآباد میں تعلیم حاصل کر رہا ہوں، اور ہمارے والدین کو بھی اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ان کے بچے ایک عظیم ادارے میں زیرِ تعلیم ہیں‘۔ ایک اور کیڈٹ کا کہنا تھا کہ ’پاسنگ آؤٹ کا دن ہمارے لیے ایک نہایت قابلِ فخر دن ہے، جو ہماری محنت اور تربیت کا عملی ثبوت ہے‘۔

تقریب میں شریک ایک مقامی شہری نے کہا کہ ’میں پورے پاکستان کے والدین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کیڈٹ کالج جعفرآباد بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایک بہترین اور قابلِ اعتماد ادارہ ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں طلبہ کو نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ کردار سازی اور عملی زندگی کے لیے بھی تیار کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:نیول اکیڈمی کراچی میں کمیشننگ پریڈ، 124ویں مڈشپ مین اور 32ویں ایس ایس سی کورس کے افسران پاس آؤٹ

آخر میں شرکا کی جانب سے کیڈٹ کالج جعفرآباد کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی اس معیار اور تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ ملک کو باصلاحیت اور باکردار نوجوان میسر آ سکیں۔

Related Articles