پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے اور حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹرویزمختلف مقامات سے بند کردی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل ریجن ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-3 جڑانوالہ سے درخانہ، موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم، موٹروے ایم 5-ملتان سے ظاہر پیر، اور ملتان سے سکھر تک دھند کے باعث بند کردی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہو سکتی ہے، روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں۔
موٹر ویز سینٹرل ریجن ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تیز رفتاری نہ کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال اور دیگر وسطی و جنوبی پنجاب کے علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بالائی سندھ خصوصاً سکھر اور گرد و نواح میں بھی دھند متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات اور علی الصبح دھند پڑ سکتی ہے۔
ادھر مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دن کے اوقات میں دھوپ برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری، جبکہ ملتان میں 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح کے وقت دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
پشاور میں موسم نسبتاً معتدل رہے گا جہاں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش گوئی ہے، جبکہ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت برقرار رہے گی اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا
کراچی میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، تاہم سمندری ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہے گا۔
محکمہ موسمیات اور موٹروے پولیس نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھند میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حدِ رفتار کم رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔