پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت پوری طرح آزمائی جا چکی ہے اور اس کامیاب دفاعی حکمتِ عملی کے بعد پاکستان کو دفاعی جہازوں کے اتنے بڑے آرڈرز موصول ہو رہے ہیں کہ آئندہ 6 ماہ میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے نجات حاصل کرنا بھی ممکن ہو سکتا ہے۔
ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ممکنہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان ویسا ہی مؤثر اور فیصلہ کن جواب دے گا جیسا ماضی میں دیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خواجہ آصف کا پنجاب حکومت سے متعلق جھوٹا بیان سوشل میڈیا پر وائرل
خواجہ آصف نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے ردعمل کو پوری دنیا نے دیکھا، جس کے نتیجے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید سفارتی اور سیاسی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مئی 2025 کی جنگ کے بعد بھارت کا عسکری اور سیاسی اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے اور اس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران بھارت نے امریکا اور چین دونوں سے رابطے کیے، تاہم پاکستان نے کسی بیرونی دباؤ کے بغیر اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور جدید دفاعی حکمتِ عملی کو آج دنیا تسلیم کر رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت میں عالمی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت کو مضبوط سہارا مل رہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو بعید نہیں کہ مستقبل قریب میں پاکستان کو ’آئی ایم ایف‘ جیسے اداروں کی ضرورت ہی باقی نہ رہے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر امریکا واقعی انسانیت اور انسانی حقوق کا حامی ہے تو اسے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف عملی کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ ترکیہ نیتن یاہو کو گرفتار کرے تاکہ مظلوموں کے ساتھ ہونے والے مظالم کا حساب برابر ہو سکے۔
مزید پڑھیں:اڈیالہ میں بیٹھے مجرم کو قومی استحکام سے کھیلنے کی ہرگزاجازت نہیں دی جاسکتی،خواجہ آصف
افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغان طالبان اور کالعدم ٹی ٹی پی قابلِ اعتماد نہیں اور ان کے بھارت کے ساتھ روابط موجود ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے بعض عناصر ٹی ٹی پی کو مالی مدد فراہم کر رہے ہیں، جو ملکی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یوکرین، وینزویلا اور دیگر تنازعات نے عالمی نظام کو کمزور کر دیا ہے۔ ان کے مطابق اگر چین کو تائیوان سے روکا جاتا ہے تو پھر یوکرین کی جنگ کو غیر قانونی قرار دینا دہرا معیار ہوگا۔ ایران کے حوالے سے خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو اس کے اثرات پاکستان کے لیے بھی سنجیدہ چیلنج بن سکتے ہیں۔

