کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی شدید آگ کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی،مصطفیٰ کمال اور دیگر نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہا ر کیا ہے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری موقع پرموجود ہیں ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ آگ بجھانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور حکومتی کوشش ہے کہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں اب تک 3 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 16 سے زائد فائر ٹینڈرز، 4 اسنارکل اور ایک واٹرباؤزر استعمال کیا جا رہا ہے،پاکستان رینجرز کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں ،ریسکیو ٹیموں نے اطلاع دی ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں ،آگ میزنائن فلور سے شروع ہوئی اور گراؤنڈ و فرسٹ فلور کی متعدد دکانیں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئی ہیں۔
چیف فائرافیسر نے بتایا کہ عمارت میں شدید دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ مزید پھیل گئی، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق شاپنگ پلازہ میں ایک ہزار سے زائد دکانیں ہیں۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ ٹیمیں عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے اور آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں، جبکہ شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔