پاکستان نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے اشتراک سے جوہری تحفظ کے تربیتی و معاونتی مراکز کے عالمی نیٹ ورک (NSSC Network) کے سالانہ اجلاس 2026ء کی میزبانی کا آغاز کر دیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ چار روزہ اجلاس میں دنیا کے 49 ممالک سے 68 مندوبین شریک ہیں۔
پاکستان سینٹر آف ایکسیلینس فار نیوکلیئر سکیورٹی (PCENS) میں شروع ہونے والے اجلاس میں اعلیٰ حکومتی حکام، جوہری تحفظ کے ماہرین، سائنس دانوں، ماہرین تعلیم اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جوہری سلامتی کو درپیش نئے چیلنجز، مؤثر حفاظتی اقدامات اور عالمی تعاون بڑھانے کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (PNRA) کے چیئرمین ضیاء حسین شاہ تھے، جبکہ مختلف ممالک کے سفارتی نمائندے اور آئی اے ای اے کے حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری اور سفیر خلیل حسین ہاشمی نے جوہری تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم اور آئی اے ای اے کے ساتھ دیرینہ تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2016ء میں بھی اس عالمی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی تھی اور دس سال بعد دوبارہ اسلام آباد میں اس کا انعقاد عالمی تعاون کے فروغ کی اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مؤثر جوہری تحفظ کے لیے مضبوط قومی اداروں، تربیت یافتہ ماہرین اور مسلسل بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے، جس میں آئی اے ای اے کا کردار انتہائی اہم ہے۔
چیئرمین پی این آر اے ضیاء حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جوہری تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک کے درمیان علم، تجربات اور تکنیکی مہارت کے تبادلے میں این ایس ایس سی نیٹ ورک کے کردار کو سراہا۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے اپنے ویڈیو پیغام میں دس سال بعد دوبارہ اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ این ایس ایس سی نیٹ ورک دنیا بھر میں جوہری تحفظ کے تربیتی مراکز کو باہم مربوط کرنے اور عملی تعاون بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
رافیل گروسی کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک توانائی، طبی سہولیات اور زراعت کے شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہے ہیں، جس کے باعث مؤثر جوہری حفاظتی انتظامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
تقریب کے دوران چیئرمین پی این آر اے ضیاء حسین شاہ نے دس سال بعد پاکستان میں اجلاس کی میزبانی کی مناسبت سے تعمیر کی گئی یادگار کی نقاب کشائی بھی کی۔
غیر ملکی سفیروں اور آئی اے ای اے کے ماہرین نے چیئرمین پی این آر اے کے ہمراہ پاکستان سینٹر آف ایکسیلینس فار نیوکلیئر سکیورٹی کی مختلف لیبارٹریوں کا دورہ کیا اور جوہری سلامتی کی تربیت کے لیے دستیاب جدید سہولیات کو سراہا۔
اجلاس کے شرکاء نے پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان دیرینہ تعاون اور جوہری تحفظ کے قومی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 2016ء میں پہلی مرتبہ اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی تھی، جو ویانا میں آئی اے ای اے کے مرکزی دفتر سے باہر منعقد ہونے والا نیٹ ورک کا پہلا سالانہ اجلاس تھا۔
چار روزہ اجلاس 26 نومبر 2026ء تک جاری رہے گا، جس کے دوران شرکاء پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی (NISAS) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) کا بھی دورہ کریں گے۔
اجلاس میں تکنیکی نشستوں، خصوصی مباحثوں اور ورکنگ گروپس کے ذریعے عالمی سطح پر جوہری سلامتی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور تربیتی و تکنیکی تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
