نئے صوبوں پر جاری بحث کے تناظر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف واٹس ایپ گروپس میں ایک پیغام گردش کر رہا ہے، جس کے ذریعے یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نئے صوبوں کے حق میں چلائی جانے والی مہم فیلڈ مارشل کے خلاف ایک سازش ہے۔ اس پیغام میں پاکستان سے جمہوریت کا بستر گول کرکے مارشل لاء لگانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
یہ بیانیہ نئے صوبوں کی تجویز پر پیپلز پارٹی کے ذہنی تذبذب اور فرسٹریشن کی عکاسی کرتا ہے۔ پیغام کے مصنف کو شاید فیلڈ مارشل کی ذاتی صفات کا ادراک نہیں اور اسے معلوم نہیں کہ فیلڈ مارشل کوئی بھی فیصلہ قومی مفادات کو مدنظر رکھے بغیر نہیں کرتے۔
پاکستان کے عوام بخوبی سمجھتے ہیں کہ موروثی سیاسی نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے اور یہ پاکستانی عوام کے مسائل کا حل نہیں ہے۔ پاکستان کے لیے جمہوریت بہترین طرزِ حکمرانی ہے، لیکن ایسی جمہوریت جو عوام کے قریب ہو اور ان کے مسائل سے آگاہ ہو۔
پیپلز پارٹی کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسے بیانیے کے بجائے حقائق کو پیش نظر رکھے۔ حقائق اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ عوامی رائے کو تسلیم کیا جائے اور ملک کے نظام کو عوام کی فلاح و بہبود کے مطابق ازسرِنو مرتب کیا جائے، کیونکہ پاکستان کسی کی ذاتی خواہشات یا مفادات کے مطابق نہیں بلکہ عوام کی منشا سے ترقی کرے گا۔
