پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں کرانے کا اعلان کر دیا، جبکہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں قومی ٹیم، انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور 12 سال بعد مارچ میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اعلان کیا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں تین ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا، جس میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم، انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یہ ٹورنامنٹ ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کی واپسی پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 31 دسمبر کو نئے سال کی آمد کا جشن بھی پشاور اسٹیڈیم کے اندر منایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی پشاور میں پی ایس ایل کا میچ کرانے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم سیاست کے علاوہ متعدد دیگر وجوہات کے باعث ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔
محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے کرکٹ ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس صوبے نے پاکستان کی قومی ٹیم کو شاندار کھلاڑی فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرکٹ میں سامنے آنے والے نئے ٹیلنٹ کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔
