پاکستان اور امریکہ نے دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور بارڈر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعلقات مضبوط کرنے اور اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ بارڈر سکیورٹی، کوسٹل گارڈز اور دیگر متعلقہ اداروں کو جدید امریکی آلات فراہم کیے جائیں گے۔
ہفتے کو وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد ملاقات ملااس دوران پاک امریکہ تعلقات، مشترکہ مفادات اور سکیورٹی تعاون کے مختلف شعبوں میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے بارڈر مینجمنٹ میں تعاون بڑھانے اور اینٹی ٹیررسٹ اسسٹنٹس پروگرام کے ساتھ جاری شراکت کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور ہر سطح پر کوآرڈینیشن بہتر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزرات داخلہ کے مطابق ملاقات میں ایف آئی اے، فیڈرل کانسٹیبلری اور سائبر کرائم ایجنسی کے افسران کے لیے ٹریننگ پروگرامز پر بات کی گئی۔ اسی سلسلے میں امریکی تعاون سے ایف آئی اے میں سینٹر فار ٹرانسفارمیشن کرائم اور اکیڈمی کے قیام کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک جرائم میں ملوث افراد کی شناخت اور ٹریکنگ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے کی جائے گی تاکہ انسداد جرائم کی کارروائیاں زیادہ مؤثر اور بروقت ہوں۔