ایک ہی دن ’’2‘‘ پاک بھارت کرکٹ میچ کس تاریخ اور کہاں ہوں گے ؟؟

ایک ہی دن ’’2‘‘ پاک بھارت کرکٹ میچ کس تاریخ اور کہاں ہوں گے ؟؟

کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک غیر معمولی اور یادگار دن آنے والا ہےجب روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک ہی دن میں دو مختلف مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گے،یہ منظر کرکٹ کی تاریخ میں شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملا ہے کہ ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک ہی روز مردوں اور خواتین کی سطح پر دو پاک بھارت ٹاکرے کھیلے جائیں۔

یہ تاریخی دن 15 فروری کو ہوگا جب ایک جانب آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جبکہ اسی روز خواتین کرکٹ میں بھی دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔

مردوں کا یہ بڑا مقابلہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا، جو اس ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا میچ تصور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گی، شائقین پہلے ہی پاک بھارت میچ کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے متعلق پی سی بی نے اہم فیصلہ کرلیا

دوسری جانب خواتین کرکٹ میں بھی شائقین کو زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جو 13 سے 22 فروری تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں منعقد ہوگا، اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں متحدہ عرب امارات اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، سری لنکا، ملائیشیا اور میزبان تھائی لینڈ شامل ہیں۔پاکستانی خواتین ٹیم اپنے سفر کا آغاز 13 فروری کو نیپال کے خلاف کرے گی، جبکہ گروپ مرحلے میں آخری میچ 17 فروری کو یو اے ای کے خلاف کھیلا جائے گا۔

گروپ مرحلہ 18 فروری تک جاری رہے گا، جس کے بعد ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں 20 فروری کو سیمی فائنل میں پہنچیں گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 فروری کو کھیلا جائے گا، اس طرح 15 فروری کا دن کرکٹ شائقین کے لیے ڈبل تفریح اور جوش سے بھرپور ثابت ہونے جا رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *