پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کو آخری شکل دے دی گئی ہے، جس میں کئی حیران کن فیصلے سامنے آئے ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق سابق کپتان بابراعظم کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، تاہم قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے محمد رضوان اور حارث رؤف کو اس بار منتخب نہیں کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی نمایاں موقع دیا گیا ہے ،نجی ٹی وی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ نافع کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جو سلیکشن کمیٹی کی جانب سے مستقبل کی تیاری کا واضح اشارہ ہے۔
بیٹنگ لائن میں سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب اور تجربہ کار فخر زمان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مڈل آرڈر میں شاداب خان، فہیم اشرف اور محمد نواز پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں بھی متوازن امتزاج رکھا گیا ہے، فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی شمولیت کو یقینی قرار دیا جا رہا ہے، جو کسی بھی ٹیم کے خلاف پاکستان کے لیے اہم ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ عثمان طارق اور سلمان مرزا کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہےجو حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر سلیکٹرز کی نظر میں آئے،اسپن بولنگ کے لیے ابرار احمد کو موقع دیا گیا ہے، جبکہ عثمان خان کو بطور وکٹ کیپر بیٹر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وسیم جونیئر، عبدالصمد اور حسن علی کو ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔