وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے وزیر اعلیٰ کو واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس میں دھماکے کی نوعیت، سکیورٹی اقدامات، ریسکیو کارروائیوں اور ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ واقعے کے فوری بعد پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثر ردعمل پر جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت رسپانس قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے نقصان سے بچایا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔