کیا کمرے کا بلب ہمیشہ روشن رکھنے سے بجلی کا بل کم ہوتا ہے؟

کیا کمرے کا بلب ہمیشہ روشن رکھنے سے بجلی کا بل کم ہوتا ہے؟

اکثر گھروں اور دفاتر میں یہ سوال زیرِ بحث رہتا ہے کہ آیا ایل ای ڈی بلب کو کمرے میں مسلسل جلتا رہنے دینا بجلی کی بچت کا باعث بنتا ہے یا نہیں۔عام تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ چونکہ ایل ای ڈی بلب روایتی بلبوں کے مقابلے میں بہت کم بجلی استعمال کرتے ہیں، اس لیے انہیں بار بار بند کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم توانائی کے ماہرین اور حالیہ تحقیقی رپورٹس اس سوچ کو مکمل طور پر درست قرار نہیں دیتیں۔

امریکی محکمہ توانائی کی ایک تحقیق کے مطابق جب بھی کوئی شخص کمرہ چھوڑے تو لائٹ بند کرنا مجموعی طور پر زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ ایل ای ڈی بلب کم توانائی استعمال کرتے ہیں، لیکن خالی کمرے میں طویل وقت تک لائٹ جلتی رہنے سے غیر ضروری بجلی خرچ ہوتی رہتی ہے، جو ماہانہ بجلی کے بل میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔

خاص طور پر ان گھروں میں جہاں دن کے دوران کمروں کا استعمال محدود ہوتا ہے وہاں یہ غیر محسوس ہونے والا خرچ سال کے آخر میں نمایاں رقم کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔

تحقیق میں یہ نکتہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ہر صورت میں لائٹ بند کرنا لازم نہیں، اگر کسی شخص کو یقین ہو کہ وہ 10 سے 15 منٹ کے اندر دوبارہ اسی کمرے میں واپس آ جائے گا تو لائٹ بند نہ کرنا نسبتاً بہتر ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ بار بار آن اور آف کرنے سے اگرچہ بجلی کا استعمال بہت زیادہ نہیں بڑھتا، لیکن طویل مدت میں اس عمل سے بلب کی عمر پر معمولی اثر پڑ سکتا ہے، خصوصاً اگر یہ عادت دن میں کئی بار دہرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں :بجلی بلوں میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں عوام کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان

ماہرین توانائی کے مطابق دانش مندانہ طریقہ یہ ہے کہ کمرے سے نکلتے وقت اپنے واپسی کے امکان اور دورانیے کا اندازہ لگایا جائے۔
اگر واپسی میں زیادہ وقت لگنے کا امکان ہو، مثلاً آدھا گھنٹہ یا اس سے زیادہ، تو بلب بند کرنا ہی بہتر فیصلہ ہے۔ اس عادت سے نہ صرف بجلی کی بچت ممکن ہوتی ہے بلکہ ایل ای ڈی بلب بھی زیادہ عرصے تک کارآمد رہتا ہے۔

ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ جہاں ممکن ہو وہاں موشن سینسر یا اسمارٹ لائٹنگ سسٹمز استعمال کیے جائیں، جو خودکار طریقے سے خالی کمرے میں لائٹس بند کر دیتے ہیں۔ اس طرح بغیر کسی اضافی محنت کے توانائی کی بچت ممکن ہے۔

ایل ای ڈی بلب واقعی توانائی کی بچت کا بہترین ذریعہ ہیں، مگر ان کا درست استعمال ہی اصل فائدہ دیتا ہے۔ ایک سادہ سی عادت، یعنی غیر ضروری صورت میں لائٹ بند کر دینا، طویل مدت میں بجلی کے بل میں نمایاں کمی اور وسائل کے بہتر استعمال کا باعث بن سکتی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *