زکوة کٹوتی سے متعلق بنک صارفین کیلئے بڑی خبر

زکوة کٹوتی سے متعلق بنک صارفین کیلئے بڑی خبر

پاکستان کے تمام سرکاری اور نجی بینک رمضان المبارک 2026 کے آغاز پر سیونگز اور اسی نوعیت کے دیگر اکاؤنٹس سے زکوة کی رقم کی خودکار کٹوتی کے لیے تیار ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے نصاب کی حد کے اعلان کے بعد اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

وفاقی حکومت ہر سال معاشی اشاریوں اور دیگر عوامل کا جائزہ لینے کے بعد زکوة کٹوتی کے لیے کم از کم حد یعنی نصاب مقرر کرتی ہے۔ نصاب وہ مالیت ہے جو کسی شخص کے پاس موجود ہو تو اس پر زکوة ادا کرنا لازم ہو جاتا ہے۔ گزشتہ سال نصاب کی رقم 179,689 روپے مقرر کی گئی تھی، جس کے تحت بینک اکاؤنٹس میں موجود بیلنس اس حد سے زائد ہونے کی صورت میں 2.5 فیصد کے حساب سے زکوة کی کٹوتی کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں چینی برانڈ کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑی لانچ، گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے بڑی خبر

بینک ذرائع کے مطابق تمام سیونگز اور منافع و نقصان میں شراکت (PLS) اکاؤنٹس جن کا بیلنس مقررہ نصاب سے کم ہوگا، زکوة کٹوتی سے مستثنیٰ رہیں گے۔ اس کے علاوہ دیگر ایسے اکاؤنٹس جو زکوة قوانین کے تحت قابل اطلاق نہیں آتے، ان سے بھی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق ملک بھر کے بینک رمضان کے پہلے روز زکوة کی کٹوتی کریں گے، جو متوقع طور پر 19 یا 20 فروری 2026 کو ہوگی۔ اگر ماہِ شعبان 29 دن کا ہوا تو رمضان کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، جبکہ 30 دن ہونے کی صورت میں پہلا روزہ 20 فروری کو ہوگا۔

بینک حکام نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رمضان سے قبل اپنے اکاؤنٹس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے لیں تاکہ کسی غیر متوقع کٹوتی یا غلط فہمی سے بچا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زکوة کی کٹوتی مقررہ قوانین کے تحت خودکار نظام کے ذریعے کی جائے گی اور نصاب سے کم بیلنس رکھنے والے کھاتہ دار اس سے متاثر نہیں ہوں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *