پاک بھارت کشیدگی کے سائے گہرے، آئی سی سی کا کرکٹ کے تمام بڑے ایونٹس بھارت سے منتقل کرنے پر غور

پاک بھارت کشیدگی کے سائے گہرے، آئی سی سی کا کرکٹ کے تمام بڑے ایونٹس بھارت سے منتقل کرنے پر غور

 

پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے یقینی کے باعث عالمی کرکٹ کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے بھارت میں شیڈول 2029 چیمپئنز ٹرافی اور 2031 ون ڈے ورلڈکپ کی میزبانی کے فیصلے پر نظرثانی شروع کردی ہے اور متبادل میزبان ملک کے آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 2029 کی آئی سی سی ٹرافی اور 2031 کے  آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے بھارت کو میزبان نامزد کیا گیا تھا، تاہم خطے میں سیاسی کشیدگی، سفارتی تنازعات اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات نے آئی سی سی کو پیشگی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے پاکستان کے تمام مطالبات مان لیے، بنگلہ دیش سے متعلق بڑا فیصلہ

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ  آسٹریلیا مضبوط انفراسٹرکچر، سیکیورٹی انتظامات اور کامیاب ایونٹ مینجمنٹ کے باعث متبادل میزبان کے طور پر سرفہرست ہے۔ آسٹریلیا اس سے قبل بھی متعدد آئی سی سی ایونٹس کی کامیاب میزبانی کرچکا ہے اور اسے عالمی کرکٹ میں قابل اعتماد شراکت دار سمجھا جاتا ہے۔

مزید برآں، بعض اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کی شرکت سیاسی مداخلت یا سفارتی دباؤ کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جس کے سبب آئندہ بین الاقوامی ایونٹس میں رکاوٹوں سے بچنے کیلئے متبادل وینیوز کی تلاش تیز کردی گئی ہے۔ آئی سی سی حکام مبینہ طور پر اس امر کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کسی بھی سیاسی تناؤ کا اثر عالمی مقابلوں کے شیڈول اور ٹیموں کی شرکت پر نہ پڑے۔

بھارت کو عالمی کرکٹ کا فنانشل پاور ہاؤس سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں بڑے ایونٹس کی میزبانی اسے اسی معاشی اثرورسوخ کی بنیاد پر دی جاتی رہی ہے۔ تاہم حالیہ علاقائی کشیدگی نے اس حکمت عملی پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ایونٹس کی میزبانی منتقل ہوتی ہے تو یہ بھارتی کرکٹ بورڈ کیلئے سفارتی اور معاشی دونوں حوالوں سے بڑا دھچکا ثابت ہوسکتا ہے۔

تاحال آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ حکام کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس نے عالمی کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچادی ہے۔ آئندہ چند ماہ میں آئی سی سی بورڈ اجلاس میں اس معاملے پر اہم پیش رفت متوقع ہے، جس کے بعد ہی حتمی تصویر واضح ہوسکے گی۔

عالمی کرکٹ شائقین کی نظریں اب آئی سی سی کے اگلے فیصلے پر مرکوز ہیں، کہ آیا بڑے ایونٹس واقعی بھارت سے منتقل ہوں گے یا سفارتی کوششیں حالات کو معمول پر لے آئیں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *