آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب ایک بار پھر سے دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب نے ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق صائم ایوب نے زمبابوے کے سکندر رضا سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے، صائم ایوب کی رینکنگ میں اس بڑی ترقی کی بنیادی وجہ حالیہ میچوں میں ان کی شاندار کارکردگی بنی ہے، خاص طور پر بھارت کیخلاف اہم مقابلے میں انہوں نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
آئی سی سی رینکنگ میں سکندر رضا صائم ایوب کی برتری کے بعد اب دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، بھارتی کھلاری ہاردک پانڈیا ٹاپ تھری میں شامل ہیں ۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ صائم کی بطور آل راؤنڈر یہ پیش رفت پاکستانی ٹیم کے لیے خوش آئند ہے، کیونکہ وہ نہ صرف بیٹنگ بلکہ اب باؤلنگ میں بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارت کے اوپنر ابھیشیک شرما حالیہ فارم پر کچھ سوالات کے باوجود بلے بازوں کی رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ ان کے ساتھی ایشان کشن نے پاکستان کے خلاف پلیئر آف دی میچ کارکردگی کے بعد 17 درجے چھلانگ لگا کر مجموعی طور پر آٹھویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔
آل راوَنڈرز میں محمد نواز کی 2 درجہ تنزلی ہوئی جس کے بعد وہ 7ویں نمبر پر چلے گئے ، بلے بازوں کی فہرست میں صاحبزادہ فرحان تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے،سری لنکا کے جارح مزاج بلے باز پاتھم نسانکا آسٹریلیا کے خلاف سنچری اسکور کرنے کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔