ٹی20 ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز کی اٹلی کو شکست، شائے ہوپ کی شاندار اننگز

ٹی20 ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز کی اٹلی کو شکست، شائے ہوپ کی شاندار اننگز

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت میں کھیلے گئے اہم میچ میں اٹلی کو 42 رنز سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ کولکتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنز میں کھیلا گیا جہاں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

میچ میں اٹلی قومی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان ہیری مانینتی نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اوورز میں وکٹ سے مدد ملنے کی توقع ہے اور ان کی ٹیم جلد وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کو دباؤ میں لانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز مضبوط ٹیم ہے تاہم انگلینڈ کے خلاف میچ سے ان کے کھلاڑیوں کو خاصا اعتماد ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز کی اسکاٹ لینڈ کو شکست، شیفرڈ کی ہیٹ ٹرک

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز اسکور کیے۔ کپتان شائی ہوپ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹاپ اسکورر رہے۔ روسٹن چیس اور شرفین ردر فورڈ نے 24، 24 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا جبکہ میتھیو فورڈ نے 16 رنز کا اضافہ کیا۔ اروومین پاول اور جیسن ہولڈر 9، 9 رنز بنا سکے جبکہ برینڈن کنگ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اٹلی کی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور مقررہ اوورز میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اٹلی کی جانب سے بین مانیٹی 26 اور جے جے سمٹس 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ انتھونی موسکا نے 19 اور گرانٹ سٹیورٹ نے 12 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے حریف بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

میچ کے بعد ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے کہا کہ ٹاس ہارنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اصل بات منصوبے کے مطابق کھیلنا اور شراکتیں قائم کرنا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ باؤلرز نے بہترین انداز میں ہدف کا دفاع کیا۔

آج ٹورنامنٹ میں مزید دلچسپ مقابلے شیڈول ہیں۔ سری لنکا قومی کرکٹ ٹیم اور زمبابوے قومی کرکٹ ٹیم ڈھائی بجے مدمقابل ہوں گے جبکہ افغانستان قومی کرکٹ ٹیم اور کینیڈا قومی کرکٹ ٹیم کا میچ شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کی نظریں ان مقابلوں پر بھی مرکوز ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *