امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکا کی فتح قریب ہے، تاہم مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے تہران کو معاہدے کا ایک موقع دیا جا رہا ہے۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں تھینکس گیونگ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ میں فتح کے وقت کا تعین ان کا اپنا فیصلہ ہوگا اور وہ جب چاہیں گے، فتح حاصل کر لیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ نے ایران کے لیے مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا رکھا ہے اور نرمی برتنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ معاہدے کے ذریعے قیمتی جانیں بچائی جا سکیں تاہم انہوں نے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں کہ ایران اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا یا نہیں۔
گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے ایران کے معاہدہ نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ ایران معاہدہ کیوں نہیں کر رہا اور کیا وہ پاگل ہیں، جس پر ٹرمپ نے تبصرہ کیا کہ شاید وہ واقعی پاگل ہیں۔
قبل ازیں مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ امریکا کے پاس ایران کے خلاف جنگ جنوری 2027ء کے آخر تک جاری رکھنے کے لیے مطلوبہ مالی وسائل موجود ہیں، ٹرمپ نے امریکی اخبار’نیویارک پوسٹ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جنوری کے اختتام تک جاری رکھنے کی مالی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اُنہوں نے کانگریس میں ڈیموکریٹس کے ممکنہ کردار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد جنگ محدود کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو امریکا کی حاصل کردہ کامیابی ناکامی میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام تباہ ہوچکے ہیں جب کہ اس کی قیادت بھی ختم کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں کی کوششیں بھی جاری ہیں۔