بےورلی ہلز میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک انتہائی نایاب اور مہنگی شیلبی ڈےٹونا کوبرا کوپ ایک غلط یو ٹرن کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔ یہ قیمتی گاڑی ایک عام سیڈان سے جا ٹکرائی اور واقعہ مشہور بیورلی ہلز ہوٹل کے قریب پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی اچانک تھی کہ دونوں گاڑیوں کو فوری طور پر نقصان پہنچا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی جس میں ایک جانب کروڑوں کی کلاسک گاڑی اور دوسری جانب عام شہری کی گاڑی کو ٹکراتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شیلبی ڈےٹونا کوبرا صرف ایک کار نہیں بلکہ آٹوموبائل تاریخ کا اہم حصہ ہے۔ 1960 کی دہائی میں کارل شیلبی نے اے سی کارز کے ہلکے چیسز کو فورڈ کے طاقتور وی8انجن کے ساتھ ملا کر یہ مشہور سیریز بنائی تھی۔
یہی ماڈل بعد میں ریسنگ کی دنیا میں چھا گیا اور 1965 میں ’ایف آئی اے جی ٹی‘ ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر امریکی آٹو انڈسٹری کے لیے تاریخی کامیابی لایا۔
ماہرین کے مطابق عام سیڈان کی مرمت تو چند ہزار ڈالر تک ہو سکتی ہے لیکن شیلبی جیسی نایاب کلیکٹر کار کے نقصان کا اندازہ لگانا آسان نہیں۔ معمولی باڈی ڈیمیج بھی لاکھوں روپے میں پڑ سکتا ہےجبکہ اسپیشل پارٹس اور ری اسٹوریشن کی صورت میں لاگت بہت زیادہ بڑھ سکتی ہے۔
حادثے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین حیران ہیں کہ کس طرح ایک انتہائی قیمتی اور نایاب گاڑی ایک عام ٹریفک غلطی کی وجہ سے نقصان کا شکار ہو گئی۔
یہ واقعہ ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ چاہے گاڑی کتنی ہی مہنگی کیوں نہ ہوسڑک پر ایک لمحے کی غلطی سب کچھ بدل سکتی ہے۔