زرعی انقلاب کی جانب اہم قدم ،پاکستان میں پہلی بار ایگریکلچر بائیوٹیک پالیسی منظور

زرعی انقلاب کی جانب اہم قدم ،پاکستان میں پہلی بار ایگریکلچر بائیوٹیک پالیسی منظور

وفاقی حکومت نے معیشت اور زرعی شعبے میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی اور نیشنل سیڈ پالیسی سمیت متعدد اہم پالیسیوں کی منظوری دے دی جسے ماہرین قومی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دے رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ان پالیسیوں کی منظوری دی گئی جن کا مقصد زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ، غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور جدید تقاضوں کے مطابق افرادی قوت کو تیار کرنا ہے۔

اجلاس میں نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ پالیسی بھی منظور کی گئی جس کے تحت بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفکیشن فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس پالیسی کے ذریعے ملکی صنعت و تجارت کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جائے گی جبکہ وفاق اور صوبے باہمی تعاون سے اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور نجی شعبہ بھی اس میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 ہہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم آج وفاقی کابینہ کو اہم امور پر اعتماد میں لیں گے، اہم فیصلوں کا امکان

وفاقی کابینہ نے ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کی پالیسی کی بھی منظوری دی جس کا مقصد درآمدات پر انحصار کم کرکے قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور ملک کو طبی شعبے میں خود کفیل بنانا ہے۔ اس ضمن میں ڈریپ کی نگرانی میں قیمتوں اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی کے تحت زرعی تحقیق و ترقی کو فروغ دیا جائے گا جبکہ نیشنل سیڈ پالیسی 2025 کے ذریعے جدید بیجوں کے استعمال سے پیداوار میں 15 سے 20 فیصد تک اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اجلاس میں توانائی اور صنعتی شعبے سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں جبکہ ایک مرحوم سیاسی رہنما کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

editor

Related Articles