افریقہ میں جاری مشترکہ فوجی مشقوں کے دوران امریکی فوج کے دو اہلکار لاپتہ ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
امریکی فوج کی افریقہ کمانڈ کے مطابق یہ واقعہ مراکش کے جنوب مغرب میں واقع کیپ ڈرا ٹریننگ ایریا میں پیش آیا جو بحرِ اوقیانوس کے ساحل کے قریب واقع ہے۔ لاپتہ اہلکار سالانہ فوجی مشقوں میں حصہ لے رہے تھے جب اچانک ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد امریکا مراکش اور دیگر اتحادی ممالک کی افواج نے مشترکہ طور پر تلاش اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔ مختلف ٹیمیں علاقے میں زمینی اور فضائی سرچ آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ لاپتہ اہلکاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
امریکی فوج کے مطابق اس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں جبکہ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ تلاش کا عمل جلد کامیاب ہو گا۔
افریقہ میں امریکا اور اس کے اتحادی ممالک باقاعدگی سے مشترکہ فوجی مشقیں کرتے ہیں جن کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور مختلف سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔ ان مشقوں میں متعدد ممالک کی افواج شریک ہوتی ہیں اور یہ خطے میں استحکام کے لیے اہم سمجھی جاتی ہیں، تاہم ایسے واقعات سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات پر سوالات بھی اٹھا دیتے ہیں۔