چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن میں نئے مقامات کو بھی شامل کیا جائے گا جس سے ایونٹ کو مزید وسعت اور شائقین کے لیے دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کا جوش و جذبہ اور نظم و ضبط مثالی تھا جس نے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہریوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ کرکٹ سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔ شائقین نے دونوں ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کیا اور کھیل کو مثبت انداز میں سراہا جو ایک بہترین کرکٹ کلچر کی عکاسی کرتا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت سے شائقین کی بڑی تعداد کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت لینا آسان نہیں تھا کیونکہ ایندھن کے استعمال کو کم رکھنے پر بھی زور دیا جا رہا تھاتاہم وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی کے باعث یہ ممکن ہو سکا۔
پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ بن چکا ہے جس نے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقبولیت حاصل کی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس لیگ میں بہتری، نئے کھلاڑیوں کی شمولیت اور مختلف شہروں میں میچز کے انعقاد سے اس کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
نئے مقامات کی شمولیت سے نہ صرف زیادہ شائقین کو میچز دیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ ملک میں کرکٹ کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سیزن کو موجودہ ایڈیشن سے بھی زیادہ بڑا اور بہتر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور نئے مقامات کی شمولیت اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہوگی۔