امریکہ میں کیے گئے ایک تازہ عوامی سروے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی اور جسمانی صحت اور حکومتی قیادت کی صلاحیتوں کے حوالے سے مختلف تحفظات کا اظہار کیا ہے یہ سروے امریکی میڈیا اداروں کے اشتراک سے کیا گیا جس میں عوامی رائے کو اکٹھا کیا گیا۔
نتائج کے مطابق اکثریت اس بات کی قائل نظر آئی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی صلاحیتیں اس معیار پر پوری نہیں اترتیں جو ایک ملک کے سربراہ اور کمانڈر ان چیف کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تقریباً 59 فیصد افراد نے یہ رائے دی کہ ان کی ذہنی کارکردگی اور فیصلہ سازی کی صلاحیتیں قومی قیادت کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتیں،اسی جائزے میں یہ بھی سامنے آیا کہ رائے دہندگان کی اکثریت نے انہیں بطور کمانڈر ان چیف مؤثر طور پر ذمہ داریاں نبھانے کے قابل نہیں سمجھا۔
اس کے برعکس 40 فیصد افراد نے ان کی قیادت اور صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس منصب کے لیے موزوں قرار دیا، جبکہ ایک چھوٹے سے حصے نے اس حساس معاملے پر کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔
سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ ایک بڑی تعداد ان کی صحت اور ذہنی قابلیت کے بارے میں خدشات رکھتی ہے، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ خود متعدد مواقع پر اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ مکمل طور پر صحت مند، متحرک اور بھرپور توانائی کے حامل ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ وہ آج بھی اسی طرح فعال ہیں جیسے اپنے سیاسی کیریئر کے ابتدائی دور میں تھے،یہ رائے عامہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ میں سیاسی قیادت، مستقبل کی پالیسیوں اور رہنماؤں کی جسمانی و ذہنی صحت پر عوامی بحث مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔