بالی ووڈ سپر اسٹار رنبیر کپور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں فوٹو گرافرز کے ہجوم پر ناراضی کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رنبیر کپور حال ہی میں اپنی اہلیہ عالیہ بھٹ کے ہمراہ اپنی والدہ نیتو کپور کی نئی فلم دادی کی شادی کی خصوصی اسکریننگ میں شریک ہوئے تھے۔ تقریب کے اختتام پر جیسے ہی دونوں باہر نکلے، وہاں موجود فوٹو گرافرز اور میڈیا نمائندے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے ان کے قریب جمع ہو گئے، جس کے باعث شدید دھکم پیل اور بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑھتے ہوئے ہجوم اور مسلسل کیمروں کے قریب آنے پر رنبیر کپور واضح طور پر پریشان اور غصے میں دکھائی دیے۔ اداکار بار بار فوٹو گرافرز سے فاصلہ رکھنے کی درخواست کرتے رہے، جبکہ وہ خود بھی ہجوم سے نکلنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔
یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی رائے دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ کچھ افراد نے اداکار کے ردعمل کو غیر ضروری قرار دیا، تاہم بڑی تعداد میں مداحوں نے رنبیر کپور کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کی ایک ذاتی حد ہوتی ہے، جس کا احترام ضروری ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’کسی بھی اداکار کے چہرے کے بالکل قریب کیمرے لے جانا اور مسلسل گھیراؤ کرنا ذہنی دباؤ پیدا کر سکتا ہے۔‘جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’صرف تصویر لینے کے لیے کسی کی پرائیویسی میں مداخلت درست نہیں۔‘
واضح رہے کہ فلم دادی کی شادی ایک مزاحیہ کہانی پر مبنی ہے، جس میں نیتو کپور کے ساتھ معروف کامیڈین کپل شرما مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں ودہان شرما،ادیتی میتل،نگہت،تیجسوانی کولاپور،یوگراج سنگھ ،ساراتھ کمار اور سوارنا پانڈے شامل ہیں۔