نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل پنجاب حکومت نے والدین اور طلباء کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں مفت درسی کتب کی تقسیم کا نیا اور جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس مرتبہ کتابوں کی بروقت اور شفاف فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی طالب علم کو تعلیمی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق پہلی سے تیسری جماعت تک تمام طلباء کو سو فیصد نئی کتابیں فراہم کی جائیں گی جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے 80 فیصد طلباء کو نئی کتب دی جائیں گی۔ اسی طرح ششم سے دہم جماعت تک 50 فیصد طلباء کو نئی کتابیں ملیں گی تاہم دہم جماعت میں نیا نصاب متعارف ہونے کے باعث تمام طلباء کو مکمل نئی کتابیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جن طلباء کو نئی کتابیں دستیاب نہیں ہو سکیں گی انہیں “بک بینک” منصوبے کے تحت سابقہ طلباء سے حاصل کی گئی قابل استعمال کتابیں دی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے تمام اسکولوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ فارغ التحصیل طلباء سے کتابیں جمع کرکے محفوظ بنائی جائیں تاکہ انہیں دوبارہ استعمال میں لایا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے ضلعی اور تحصیل ویئر ہاؤسز میں نئی کتابیں پہنچا دی گئی ہیں اور نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل تمام طلباء تک کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ کتابوں کی تقسیم طلباء کی تازہ ترین انرولمنٹ کے مطابق ہوگی تاکہ کسی بھی اسکول یا طالب علم کو محرومی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔