خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران سفارتی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے درمیان چند روز کے اندر دوسری مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور امن کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق گفتگو میں خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری سفارتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کے درمیان مسلسل رابطہ اور تعمیری سفارت کاری انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے قطر کے کردار اور مسلسل سفارتی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام کے لیے ہر ممکن کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے آئندہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے امید ظاہر کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور باہمی تعاون کے نئے دروازے کھولے گا۔