پاکستانی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی کی جانب بڑھتے ہوئے 21 مئی سے چین کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے اس پیش رفت کو پاکستانی سینما کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم پاکستانی فلموں کے لیے عالمی مارکیٹ کے دروازے کھولنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چین، جو دنیا کی سب سے بڑی فلمی مارکیٹوں میں شمار ہوتا ہے، غیر ملکی فلموں کی محدود نمائش کی پالیسی رکھتا ہےاور ایسے میں پاکستانی فلم کا وہاں پہنچنا ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔2022 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ماضی کی ایک مشہور پنجابی کلاسک کا جدید ریبوٹ ہے، جس نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شاندار پذیرائی حاصل کی۔
بلال لاشاری کے مطابق یہ پاکستان کی پہلی فلم ہے جو چین کے مخصوص فلمی کوٹہ سسٹم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے جو ملکی سنیما انڈسٹری کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔اس سے قبل بھی پاکستانی فلم پرواز ہے جنون چین میں ریلیز ہو چکی ہے، جس میں پاکستان اور چین کے مشترکہ تیار کردہ جے ایف-17 (JF-17) طیارے کو بھی نمایاں طور پر دکھایا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے ثقافتی اور تخلیقی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔یہ ریلیز نہ صرف پاکستانی سنیما کے لیے عالمی سطح پر ایک نیا موقع ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی کہانیاں اب سرحدوں سے باہر بھی اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔